جمعہ 17 جنوری 2025 - 12:32
طلاب کرام کی خدمت یعنی امام زمانہ (ع) کے سپاہیوں کی خدمت

حوزہ/ آیت اللہ نوری ہمدانی نے حوزہ علمیہ کے منتظمین کے لیے کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کام کی قدر کریں، جو امام زمانہ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کے سپاہیوں کی خدمت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ نوری ہمدانی نے سکریٹری سپریم کونسل آف حوزہ علمیہ، آیت اللہ مہدی شب زندہ دار سے ملاقات کے دوران طلباء کو مختلف علمی شعبوں میں ماہر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج طلباء کو درجہ بندی کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے حوزہ علمیہ کے مرکزی مقامات جیسے دارالشفا، فیضیہ اور مسجد اعظم میں درس اخلاق کے انعقاد کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ اگرچہ مدارس یا اداروں میں اخلاق کے دروس کا انعقاد اچھا ہے، لیکن حوزہ علمیہ کو پہلے کی طرح ایک یا دو عمومی اخلاق کے دروس ضرور رکھنے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے لیے پہلے سے اطلاع دی جائے اور طلباء کو بھی لازمی طور پر شرکت کرنی چاہیے، کیونکہ یہ عمل بہت مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے امام خمینی (رح) کے قول کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر طالب علم مہذب نہ ہو، تو وہ شیخ ابراہیم زنجانی بن سکتا ہے، جس نے شیخ فضل اللہ نوری کے قتل کا فتویٰ دیا تھا۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مختلف بہانوں سے دروس کو حرم مطهر سے دور منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء اور علماء کے دروس و مباحث کے لیے پہلی ترجیح فیضیہ، دارالشفاء، مسجد اعظم اور حضرت معصومہ (علیہا السلام) کے حرم مطهر کے قریب واقع مدارس ہونی چاہئیں، تاکہ پہلے کی عظمت برقرار رہے۔ اگر طلباء کے لیے آمد و رفت میں کوئی مسئلہ ہے، تو اسے حل کیا جانا چاہیے۔

آیت اللہ نوری ہمدانی نے اس ملاقات کے اختتام پر حوزہ علمیہ کے منتظمین کے لیے کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کام کی قدر کریں، جو امام زمانہ (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کے سپاہیوں کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اس ملاقات میں سکریٹری سپریم کونسل آف حوزہ علمیہ، آیت اللہ شب زندہ دار، اور سکریٹریٹ سپریم کونسل آف حوزہ علمیہ کے ذمہ دار حجت الاسلام والمسلمین فرخ فال، نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha